سری نگر،14اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جموں وکشمیر میں سرحدی کپواڑہ ضلع کے تنگ دھار سیکٹر میں پاکستانی فوجیوں کے ذریعہ امن معاہدے کی خلاف ورزی اور دراندازی کی مسلسل کوششوں کے ردعمل میں کل رات ہندستانی فوج کی منصوبہ بند مہم میں دو پاکستانی فوجی مار ے گئے۔
وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے منگل کو یو این آئی کو بتا یا کہ تنگ دھار سیکٹر میں کنٹرول لائن پر پیر کو ایک ہندستانی جوان کے شہید ہونے کے واقعہ کے بعد ہندستانی فوجیوں نے منصوبہ بند مہم کی شروعات کی جس میں دو پاکستانی فوجی مارے گئے۔
پیر کو تنگ دھار سیکٹر میں فوج نے دراندازی کی کوشش ناکام کردی تھی حالانکہ اس دوران فوج کا جوان پشپندر سنگھ شہید ہوگیا۔
اس سے پہلے اتوارکو شمالی کشمیر میں ضلع بارہمولہ کے اڑی سیکٹری میں رستم چوکی کے نزدیک دھماکہ میں ایک دیگر جوان شہید ہو گیا تھا۔